راولپنڈی(سب نیوز) اڈیالہ روڈ گلشن آباد گھر میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں خاتون اینکر پرسن ربیعہ حسن جاں بحق ہوگئی۔پولیس ذرائع نے کہا کہ خاتون اینکر پرسن نیوز چینل(92نیوز)میں کام کرتی تھی، راولپنڈی مقتولہ اینکر پرسن نے رات کو نجی ٹی وی پر آخری پروگرام کیا۔مقتولہ کے شوہر کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا، پولیس ذرائع نے کہا کہ خاتون اینکر کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا یا نہیں تفتیش کررہے ہیں۔
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے گلشن آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کا قتل ہمیں رپورٹ ہوا ہے،ربعیہ احسن کی لاش بیڈ روم سے ملی ہے، اینکر پرسن کو سامنے سے گردن کے نیچے 1گولی لگی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے قتل کی تفتیش شروع کردی ہے، پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم بھی موقع پر آئی ہے، ہم نے جائے وقوعہ سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا ہے، پولیس نے مقتولہ اینکر کے شوہر احسن کو گرفتار کرلیا ہے، شواہد جمع کررہے ہیں ایف آئی آر درج کریں گے۔ ترجمان راولپنڈی نے کہا کہ مقتولہ کے شوہر کو تحویل میں لے لیا گیا، آلہ قتل بھی قبضہ میں لیا گیا ہے، پی ایف ایس اے ٹیمز موقعہ سے شواہد اکٹھے کررہی ہیں،نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے، واقعہ کا مقدمہ درج کیا جارہا ہے، میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جائے گا۔
