اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے بینکوں کے کنسورشیم (ایس سی او آئی بی سی)کی 2026-27 کے لیے چیئرمین شپ سنبھال لی ہے، جبکہ حبیب بینک لمیٹڈ کے چیئرمین سلطان علی الانا کو کنسورشیم کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے پیر کو باضابطہ طور پر یہ ذمہ داری سنبھالی۔ سلطان علی الانا اس مدت کے دوران کنسورشیم کی سربراہی کریں گے۔وزارت خزانہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پیشرفت اسی عرصے کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی پاکستان کو ملنے کے ساتھ بھی مطابقت رکھتی ہے، جو علاقائی تجارت، سرمایہ کاری، مالیاتی روابط اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
وزارت خزانہ نے سلطان علی الانا کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے، سرحد پار تجارت و سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنے اور علاقائی انضمام و مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کا بینکوں کا کنسورشیم رکن ممالک کے درمیان مالیاتی تعاون کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ اس کا مقصد کثیرالجہتی اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے پائیدار ترقی کو فروغ دینا، علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا اور سرحد پار بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے نئے طریقہ کار تلاش کرنا ہے۔
پاکستان نے ستمبر میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی سنبھالنے کے بعد تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کا آئندہ اجلاس بھی ملک میں منعقد کرنا ہے۔ اس پیش رفت کو علاقائی تنظیم کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے روابط کا ایک اور قدم قرار دیا جارہا ہے۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ 2017 میں شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت حاصل کرنے کے بعد پاکستان کا تنظیم میں کردار مبصر سے فعال رکن کی حیثیت اختیار کرچکا ہے، جو کثیرالجہتی تعاون اور علاقائی اشتراک کے لیے پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کی آئندہ سربراہی کو علاقائی اور عالمی سطح پر ملک کی قیادت پر اعتماد کا مظہر بھی قرار دیا ہے۔
پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے بینکوں کے کنسورشیم کی صدارت سنبھال لی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
