ہومپاکستانراولپنڈی رنگ روڈ کے افتتاح کی تیاریاں شروع، نومبر کے پہلے ہفتے میں افتتاح متوقع

راولپنڈی رنگ روڈ کے افتتاح کی تیاریاں شروع، نومبر کے پہلے ہفتے میں افتتاح متوقع

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز افتتاح کریں گی، بانٹھ انٹرچینج جی ٹی روڈ پر تقریب متوقع، افتتاح کے بعد منصوبہ ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، ذرائع
راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے افتتاح کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور منصوبے کا افتتاح 28 اکتوبر یا نومبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف منصوبے کا افتتاح کریں گی، جبکہ افتتاحی تقریب رنگ روڈ کے آغاز کے مقام بانٹھ انٹرچینج، جی ٹی روڈ پر منعقد ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق افتتاح کے بعد راولپنڈی رنگ روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، تاہم افتتاح کی حتمی تاریخ کا اعلان ہونا باقی ہے۔
راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے ذرائع کے مطابق رنگ روڈ کے تقریباً 38.3 کلومیٹر طویل روٹ پر تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے اور چار انٹرچینجز پر کام 99 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ منصوبے کے افتتاح سے قبل ٹولنگ سسٹم کی تنصیب مکمل کرنے کے لیے بھی تیاریاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ کا ٹولنگ سسٹم پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کو منتقل کیا جائے گا، جبکہ منصوبے کے آپریشن اور دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی اسی اتھارٹی کے پاس ہوگی۔ حکام کی جانب سے افتتاح سے قبل ضروری انتظامات مکمل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ منصوبے کو ٹریفک کے لیے فعال بنایا جا سکے۔
منصوبے کے آخری انٹرچینج، تھلیاں براڈمیڈ انٹرچینج، کی تعمیر بعد میں مکمل کی جائے گی۔ آر ڈی اے ذرائع کے مطابق تھلیاں انٹرچینج کی تکمیل سے قبل ہی رنگ روڈ کو موٹروے سے منسلک کر دیا گیا ہے، جبکہ تیسرے پیکیج کے تحت تھلیاں انٹرچینج کے لیے اراضی حاصل کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی ورکنگ پارٹی نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے تیسرے نظرثانی شدہ پی سی ون کی منظوری بھی دے دی ہے، جس کی مالیت 50 ارب 40 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ نظرثانی شدہ پی سی ون میں تھلیاں براڈمیڈ انٹرچینج کی تعمیراتی لاگت بھی شامل کی گئی ہے۔
راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے پہلے پیکیج کے تحت مرکزی روٹ کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دوسرے پیکیج میں ٹولنگ سسٹم کی تنصیب پر کام جاری ہے۔ تیسرے پیکیج میں تھلیاں انٹرچینج کی تعمیر شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کے افتتاح کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب سے تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ افتتاح 28 اکتوبر یا نومبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، تاہم حتمی تاریخ اور افتتاحی تقریب کے شیڈول کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔