ہومتازہ تریناسلام آباد ، فائر سیفٹی انتظامات مکمل نہ ہونے پر سی ڈی اے نے ایچ 9اور جی 6سمیت تمام ہفتہ وار بازار بند کردیے

اسلام آباد ، فائر سیفٹی انتظامات مکمل نہ ہونے پر سی ڈی اے نے ایچ 9اور جی 6سمیت تمام ہفتہ وار بازار بند کردیے

اسلام آباد(سب نیوز) فائر سیفٹی انتظامات مکمل نہ ہونے پر کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے)نے ایچ 9اور جی 6سمیت تمام ہفتہ وار بازار بند کردیے۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ حفاظتی ضابطوں پر عمل درآمد اور فائر سیفٹی کلیئرنس حاصل ہونے تک بازار بند رہیں گے۔بازاروں کی اچانک بندش پر تاجروں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تاجر رہنماوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی جیب سے کروڑوں روپے خرچ کرکے حفاظتی انتظامات مکمل کیے، لیکن اس کے باوجود بازار بند کردیے گئے۔تاجر رہنما آصف ملک کے مطابق دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی انتظامات کیے، گارڈز رکھے اور دیگر ضروری اقدامات بھی مکمل کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ رات کو بازار پہنچے تو بندش کا نوٹس لگا ہوا تھا، جبکہ سی ڈی اے نے حفاظتی انتظامات پر کوئی رقم خرچ نہیں کی۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ اچانک بازار بند کرنے کا فیصلہ ان کے لیے شدید معاشی مشکلات کا باعث بنے گا۔ ان کے مطابق وہ ایک دن بھی کاروبار بند رکھنے کے متحمل نہیں ہوسکتے، کیونکہ دکانوں کی آمدن سے ہی ان کے گھروں کے اخراجات پورے ہوتے ہیں۔ بازار بند رہنے سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب مہنگائی کے دور میں سستی اشیا کی خریداری کے لیے ہفتہ وار بازاروں کا رخ کرنے والے شہری بھی پریشان ہیں۔ ان بازاروں میں کم قیمت پر اشیائے ضروریہ اور روزمرہ استعمال کی چیزیں خریدنے والے شہریوں کو اب متبادل مقامات پر مہنگے داموں خریداری کرنا پڑ سکتی ہے۔
تاجر رہنماوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بازار فوری طور پر کھولے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے حفاظتی اقدامات مکمل کرلیے ہیں تو کسی قسم کی انسپکشن کے بغیر بازاروں کی بندش کا اچانک فیصلہ ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔