اسلام آباد (سب نیوز) ازبکستان میں دارالحکومت تاشقند کے قریب زیرِ تعمیر جدید شہر ’’نیو تاشقند‘‘ کو ملک کے مستقبل کی شہری ترقی، معاشی استحکام اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ایک اہم اسٹریٹجک منصوبے کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد جدید رہائشی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا اور ماحول دوست شہری نظام تشکیل دینا ہے۔
منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 20 ہزار ہیکٹر اراضی مختص کی گئی ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں 6 ہزار ہیکٹر رقبے پر 50 ارب امریکی ڈالر مالیت کے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ نیو تاشقند کی تعمیر تین سال قبل شروع ہوئی تھی، جس میں جدید ٹیکنالوجی، ماحول دوست تعمیرات، محفوظ رہائشی ماحول اور پائیدار شہری ترقی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
منصوبے کے مطابق شہر میں 2 ہزار ہیکٹر پر سبزہ زار اور 500 ہیکٹر پر تفریحی پارکس قائم کیے جائیں گے، جبکہ رہائشی اور غیر رہائشی عمارتوں کے لیے مجموعی طور پر 15 کروڑ مربع میٹر تعمیراتی رقبے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو صحت مند ماحول، معیاری رہائش اور تفریحی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
نیو تاشقند میں اب تک تقریباً 2 ارب ڈالر مالیت کے تعمیراتی اور ترقیاتی کام مکمل کیے جا چکے ہیں، جن میں رہائشی عمارتیں، جامعات، لائبریری اور ایمفی تھیٹر سمیت اہم سہولیات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ارب ڈالر مالیت کے سات منصوبے بھی مکمل کرکے فعال کیے جا چکے ہیں۔
ان منصوبوں میں رہائشی کمپلیکس ’’شرق بہوری‘‘ کا پہلا مرحلہ، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، بجلی کا سب اسٹیشن، ٹرائی جنریشن پلانٹ، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی عمارت، ساحل پارک اور دو ہزار طلبہ کی گنجائش رکھنے والا جامع اسکول شامل ہیں۔
حکام کی منصوبہ بندی کے مطابق رواں سال کے اختتام تک شہر میں 20 ہزار رہائشی یونٹس مکمل کرکے حوالے کیے جانے کا ہدف ہے، جس سے کم از کم 70 ہزار افراد کے لیے رہائش کی سہولت پیدا ہوگی۔ رہائشی منصوبوں کے ساتھ تعلیمی اداروں، طبی مراکز، کھیلوں کے کمپلیکس، تجارتی مراکز اور تفریحی مقامات کی تعمیر پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
نیو تاشقند میں فیفا کے معیار کے مطابق 55 ہزار نشستوں پر مشتمل اسٹیڈیم بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، جس سے شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں اور بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کی صلاحیت میں اضافہ متوقع ہے۔
نیو تاشقند: ازبکستان میں 50 ارب ڈالر کے شہری ترقیاتی منصوبے، پاکستانی سرمایہ کاروں کو شرکت کی دعوت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
