ہومتازہ ترینپشاور میں اسکول کی چھت گر گئی، 21 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق

پشاور میں اسکول کی چھت گر گئی، 21 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق

پشاور:صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے دیر کالونی میں ایک نجی اسکول کی چھت گرنے سے21 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہوگئے۔
موقع پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ریسکیو حکام نے متعدد بچوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے دبے بچوں کونکالنے کیلئےامدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ زخمی بچوں اور ٹیچرز کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
اسپتال ترجمان نے 21 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ان کے مطابق اب تک 30 طلبہ اور اساتذہ زخمی حالت میں اسپتال پہنچے ہیں۔
ریسکیو حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مزید افراد کے ملبے تلے ہونے کی وجہ سے اموات کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے دیر کالونی پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس مشکل گھڑی میں اپنے لوگوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے زخمی بچوں کو بہترین اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی بروقت امدادی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ ملبے تلے دبے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
رواں سال اسکولوں کی چھتیں گرنے کے 4 بڑے حادثات
رواں سال ملک میں اسکولوں کی چھتیں گرنے کے 4 بڑے حادثات پیش آچکے ہیں جو سیالکوٹ، ڈیرہ غازی خان اور لاہور میں رونما ہوئے۔21 فروری 2026 کو سیالکوٹ میں زیر تعمیر سرکاری گرلز ہائی اسکول کا شیڈ گرنے سے آٹھویں جماعت کی ایک طالبہ جاں بحق ہوئی ،7 مئی 2026 کو ڈیرہ غازی خان میں نجی اسکول کے کلاس روم کی چھت گرنے سے چار طلبہ جاں بحق ہوئے۔30 جون 2026 کو لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق ہوئے۔ 2 جولائی 2026 کو لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں زیر تعمیر اسکول کی عمارت کا ایک حصہ گرنے سے آٹھ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔