اسلام آباد:خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی توثیق کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کی حکمت عملی طےکرلی گئی۔
خیبرپختونخوا میں نافذ کئے گئے گورنر راج اور ایمرجنسی کی آئینی توثیق کیلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے الگ الگ آج اجلاس طلب کر لئے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق اور منظوری کیلئے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج قراردادیں پیش کی جائیں گے۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11 بجے اور سینیٹ کا اجلاس شام 4 بجے ہوگا۔
قومی اسمبلی اجلاس کا 8 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا، خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق قرارداد کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے، دونوں ایوانوں میں آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی نفاذ کی توثیق کیلئے قراردادیں پیش کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل (بروز جمعرات) 15 اکتوبر کو صبح ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں آئین کے آرٹیکل 234 کے تحت صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کی باقاعدہ توثیق کرائی جائے گی۔حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے ان آئینی اقدامات کو پارلیمنٹ سے منظور کرانے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں خیبرپختونخوا کی صورتحال اور وفاقی حکومت کے آئندہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں شرکاء کو گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی وجوہات سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی کو آئندہ کی حکمت عملی پر اعتماد میں لیا۔
خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی توثیق کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کی حکمت عملی طےکرلی گئی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
