ہومپاکستانایف آئی اے میں ڈسپلنری کارروائیوں کا نیا حکمنامہ جاری

ایف آئی اے میں ڈسپلنری کارروائیوں کا نیا حکمنامہ جاری

اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے محکمانہ نظم و ضبطی کارروائیوں کے لیے نئے اختیارات تفویض کرتے ہوئے نیا حکمنامہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف گریڈز کے ملازمین اور افسران کے خلاف کارروائی اور اپیلوں کی سماعت کے لیے مجاز اتھارٹیز کا تعین کر دیا گیا ہے۔

نئے حکمنامے کے مطابق زونز میں گریڈ 14 تک کے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کے لیے متعلقہ ڈائریکٹر زون مجاز اتھارٹی ہوں گے، جبکہ ہیڈکوارٹرز میں گریڈ 14 تک کے اہلکاروں کے لیے متعلقہ ڈائریکٹر کو مجاز اتھارٹی مقرر کیا گیا ہے۔

حکمنامے کے تحت گریڈ 15 اور 16 کے افسران کی اپیلیں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سنیں گے، جبکہ سی ٹی ڈبلیو (سی ٹی ڈبلیو) میں گریڈ 14 تک کے افسران کی اپیلوں کی سماعت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (اے ڈی جی) کریں گے۔

نئے احکامات میں تمام محکمانہ کارروائیوں کا مکمل ریکارڈ ڈی آئی اے کے پاس برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈائریکٹرز کو محکمانہ انکوائریوں اور شوکاز نوٹسز کے اجرا سے ڈی آئی اے کو آگاہ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

حکمنامے کے مطابق ستمبر 2025 میں جاری کیا گیا سابقہ حکم منسوخ کر دیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی اے میں ڈسپلنری قواعد سے متصادم تمام سابقہ احکامات اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔