اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کا بتانا ہے ایمرجنسی کے نفاذ کی کل وفاقی کابینہ سے منظوری لیے جانے کا امکان ہے، ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس کل صبح ساڑھے 9 بجے طلب کیا گیا ہے جس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری لیے جانے کا امکان ہے۔اس سے قبل صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم کی معاونت نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ نے کی۔
ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم نے صدر مملکت کی معاونت کی۔اجلاس میں منگل 13 اکتوبر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا۔ قبل ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی صورتحال پر ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال پربھجوائی گئی رپورٹ پر غور کیا گیا۔
