ہومتازہ ترینپاکستان سے کشیدگی مذاکرات اور سفارتکاری سے حل ہو سکتے ہیں، افغان وزیر خارجہ

پاکستان سے کشیدگی مذاکرات اور سفارتکاری سے حل ہو سکتے ہیں، افغان وزیر خارجہ

ماسکو (سب نیوز)افغان طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو متاثر کرنے والے مسائل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیے جاسکتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے روس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تعلقات میں سیاسی مفاہمت کے بجائے صرف فوجی زبان استعمال کررہا ہے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افغانستان کے خلاف جارحیت کا مرتکب ہوا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان نے ٹرانزٹ روٹس، افغان مہاجرین اور طلبہ کو دبا کے ذرائع کے طور پر استعمال کیا ہے، جبکہ سرحد کے قریب ہزاروں مسلح افراد جمع کیے گئے ہیں تاکہ خطے کے استحکام کو چیلنج کیا جاسکے۔
امیر خان متقی نے کہا کہ افغانستان نہیں چاہتا کہ پاکستان کے ساتھ مسائل باہمی الزامات اور پروپیگنڈے کا میدان بنیں اور نہ ہی کابل اس تنازع کو طول دینے کے لیے نئے ذرائع تلاش کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کو اپنا جائز اور ناقابل تردید حق سمجھتا ہے۔واضح رہے کہ افغان وزیر خارجہ کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔