سوات(سب نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جاری ہے ملتوی نہیں کیا جا رہا، حکومتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مذاکرات کے حتمی ڈرافٹ پر اتفاق نہ ہو سکا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کوئی ایسی چیز نہیں جس کا حل نہیں، ہمارے مطالبات سادہ ہیں،کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرادیں، ان کی فیملی سے ملاقات کرائیں، عمران خان کی فیملی کو کوٹ لکھپت جیل میں کیوں رکھاگیا ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نہ کے پی حکومت چھوڑ رہی ہے، نہ صوبائی اسمبلی تحلیل کر رہی ہے، غیر آئینی اقدامات پرپی ٹی آئی کے تمام سینیٹرز، ایم این ایز اور ایم پی ایزبائیکاٹ پرمجبور ہو جائیں گے، پی ٹی آئی حکومت کو آپ نے لولی لنگڑی بنایا ہے، ڈرافٹ کے نکات پر حتمی اتفاق نہ ہو سکا کیونکہ حکومت نے ہٹ دھرمی دکھائی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیغام دیا ہم خوش اسلوبی سے مذاکرات کیلئے گئے، وزیر اعظم کے ساتھ اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کا ہم نے مطالبہ رکھا، حکومت نے کسی ایک بات پر بھی رضامندی ظاہر نہیں کی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دہشتگردی پر متفقہ لائحہ عمل کا ہم نے مطالبہ رکھا، ہم نے کے پی، بلوچستان، سندھ اور پنجاب میں دہشتگردی کے خلاف متفقہ بیانیے کی بات کی، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس کسی اور سے احکامات لیں تو صوبے میں امن کیسے آئیگا، ہمارے ہی صوبے کے ڈی سی کسی اور کے کہنے پر 144لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مخلصانہ کوششیں کیں مگر حکومت نہیں مانی، وفاقی حکومت ہمارے صوبے میں مداخلت بند کر دے، بغیر گورنر راج کے خیبرپختونخوا میں گورنراج قائم ہے، 5 نکات پر بات ہوئی لیکن حکومت نے سنجیدگی نہیں دکھائی، اب بھی وقت ہے حکومت آگے آئے اور بات کرے۔
حکومتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مذاکرات کے حتمی ڈرافٹ پر اتفاق نہ ہوسکا، بیرسٹر گوہر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
