لاہور(خصوصی رپورٹ)صوبائی دارالحکومت لاہور میں امن کانفرنس 2026 کا انعقاد، بین المذاہب ہم آہنگی، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں امن کانفرنس 2026 کا انعقاد کیا گیا جس کی میزبانی این پی سی آئی ایچ ، پادری دانش بھٹی، صدر اقلیتی امور پنجاب نے کی ،کانفرنس میں مختلف مذاہب، مذہبی برادریوں، سیاسی و سماجی شخصیات، پولیس افسران، مذہبی رہنماوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
کانفرنس کا بنیادی مقصد معاشرے میں امن، محبت، رواداری، اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا اور ایک پرامن و خوشحال پاکستان کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔کانفرنس سے پادری دانش بھٹی، پادری شوکت عاشق، بشپ ابراہام ڈینیئل، مفتی عاشق حسین، پروفیسر اعظم، سری لنکا کے جنرل کونسل یاسین جویہ، پادری آصف اگسٹن، پادری شارون بھٹی، پادری ہارون بھٹی، بشپ آصف جان اور سنیل گلزار سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ معاشرے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے باہمی احترام، برداشت، مذہبی رواداری اور اتحاد کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مشترکہ اقدار کی بنیاد پر ایک دوسرے کے قریب لانے اور نفرت و اختلافات کی بجائے محبت، افہام و تفہیم اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔کانفرنس کے دوران پاکستان میں امن، سلامتی، خوشحالی، قومی اتحاد اور روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک پرامن، متحد اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے تمام مذہبی و سماجی طبقات کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔کانفرنس کا پیغام تھا کہ امن کے لیے متحد، پاکستان کے لیے متحد کے جذبے کے تحت باہمی احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دے کر ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
