ہومپاکستانپاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 6کروڑ 50 لاکھ یورو کے معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 6کروڑ 50 لاکھ یورو کے معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 6 کروڑ 50 لاکھ یورو کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے، جن کے تحت ملک میں 3 اہم ترقیاتی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے دستخط کیے۔ ان پروگراموں سے سرمایہ کاری، قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کو تقویت ملے گی۔حکام کے مطابق اس مالی معاونت کے ذریعے توانائی اور ماحولیاتی استحکام کے اقدامات بھی آگے بڑھیں گے، جبکہ گلوبل گیٹ وے پروگرام پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا۔ منصوبے کے تحت ٹیکس نظام اور طویل مدتی مالیاتی منصوبہ بندی بہتر بنائی جائے گی۔ خیبرپختونخوا کے آف گرڈ دیہی علاقوں میں قابل تجدید توانائی کو فروغ دینے کے ساتھ صوبے کے توانائی شعبے میں نجی سرمایہ کاری اور شراکت بھی بڑھائی جائے گی۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی انصاف تک رسائی بہتر بنائی جائے گی، جبکہ پنجاب اور سندھ میں متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کا نظام مضبوط کیا جائے گا۔پروگرام کے نتیجے میں یورپی اور دیگر غیرملکی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھنے کی توقع ہے۔سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے یورپی یونین کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے قومی ہدف سے ہم آہنگ ہیں۔ محمد حمیر کریم کے مطابق ان اقدامات سے دیہی علاقوں میں بجلی تک رسائی اور تجارتی تنازعات کے حل کے نظام میں بہتری آئے گی۔یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے کہا کہ یہ معاہدے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری میں معاونت کے عزم کا اظہار ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔