ہومپاکستانعدالتی فیصلے کے بعد اسلام آباد پر کسی کو چڑھائی کی اجازت نہیں دینگے، وزیر داخلہ محسن نقوی

عدالتی فیصلے کے بعد اسلام آباد پر کسی کو چڑھائی کی اجازت نہیں دینگے، وزیر داخلہ محسن نقوی

اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے حوالے سے آج کا فیصلہ اہم ہے، جس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی دوسرے صوبے یا وفاقی دارالحکومت پر کسی بھی طرح کا دعوی یا یلغار قابل قبول نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ تمام لا انفورسمنٹ ایجنسیز کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں، اگر کوئی اسلام آباد آنے کی کوشش کرتا ہے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو پہلے قانونی طور پر اس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے جائیں گے اور دوسرے نمبر پر انہیں ہر ممکن طریقے سے روکیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ماضی میں سکیورٹی اہلکاروں کے نقصانات بہت زیادہ ہوتے رہے ہیں اور دوسری جانب سے ہتھیار بھی استعمال کیے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا اور دیگر جگہوں پر مخصوص قبائل کے لوگوں کے آنے سے متعلق باتیں بھی کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بار سکیورٹی اہلکاروں کو بہت واضح رولز آف انگیجمنٹ دیے جارہے ہیں کوئی یہ توقع نہ رکھے کہ اگر ان پر گولی چلائی جائے گی تو وہ خاموش بیٹھے رہیں گے۔وزیر داخلہ نے سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ احتجاج کرنا ہے تو ضرور کریں، اپنے علاقے اور اپنے شہر میں احتجاج کریں لیکن وفاقی دارالحکومت کو بند کرنے کی منصوبہ بندی یا کسی دوسرے صوبے میں اس طرح جا کر حملہ کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جاسکتی۔محسن نقوی نے کہا کہ آج کوہاٹ میں بڑا دہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے اور اس حوالے سے مزید تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں، ایک طرف خیبرپختونخوا میں روزانہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی جارہی ہے، اس لیے اس وقت 90 فیصد توجہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں پر ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بجائے تمام توجہ افراد اکٹھے کرنے، چندہ جمع کرنے اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنے پر مرکوز کرنا مناسب نہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ترجیح دینا ضروری ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔