جدہ (خالد نواز چیمہ)سعودی عرب میں منعقد ہونے والے سعودی فوڈ شو 2026 میں پاکستان کی 30 معروف فوڈ کمپنیوں کی شرکت پاکستانی غذائی مصنوعات کو عالمی منڈی میں متعارف کرانے اور سعودی کاروباری حلقوں کے ساتھ نئے تجارتی روابط قائم کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔نمائش 27 سے 29 ستمبر 2026 تک ، جدہ میں منعقد ہوگی، جہاںٹڈاپ کے زیر اہتمام پاکستان پویلین قائم کیا جائے گا۔
پاکستانی وفد میں چاول، نمک، مصالحہ جات، کنفیکشنری، فروزن چکن و سبزیاں، خوردنی تیل، ساسز، بیکری مصنوعات، جوسز، سیریلز اور دیگر غذائی مصنوعات تیار اور برآمد کرنے والی 30 پاکستانی کمپنیاں شریک ہوں گی۔پاکستان پویلین کا مقصد سعودی عرب کے خریداروں، کاروباری شخصیات، درآمد کنندگان اور فوڈ سیکٹر سے وابستہ اداروں کو پاکستانی مصنوعات اور ان کے معیار سے روشناس کرانا ہے۔ نمائش کے دوران پاکستانی برآمد کنندگان اور سعودی کاروباری اداروں کے درمیان تجارتی روابط، کاروباری شراکت داری اور نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔پاکستانی کمیونٹی، سعودی کاروباری شخصیات، فوڈ سیکٹر سے وابستہ سرمایہ کاروں اور درآمد کنندگان کو پاکستان پویلین کا دورہ کرنے کی دعوت دی گئی ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی وسیع رینج کا مشاہدہ اور پاکستانی کمپنیوں کے نمائندگان سے براہِ راست ملاقات کی جا سکے۔
