ہومپاکستانملائیشیا کا 69واں قومی دن اسلام آباد میں جوش و خروش سے منایا گیا

ملائیشیا کا 69واں قومی دن اسلام آباد میں جوش و خروش سے منایا گیا

اسلام آباد، : ملائیشیا کا 69واں قومی دن اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں پروقار تقریب کے دوران قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، جس میں سفارتکاروں، معززین، پاکستانی معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور پاکستان میں مقیم ملائیشین کمیونٹی نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو اظہر بن مزالان سمیت مختلف ممالک کے سفارتکار اور دیگر اہم شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔

تقریب کا آغاز پاکستان اور ملائیشیا کے قومی ترانوں سے ہوا، جس کے بعد قومی دن کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ مہمانِ خصوصی رانا تنویر حسین، ملائیشین ہائی کمشنر اور دیگر معزز مہمانوں نے مل کر کیک کاٹا، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی علامت تھا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ملائیشیا کی حکومت اور عوام کو قومی دن کی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ملائیشیا کی ترقی اور پیشرفت کو سراہتے ہوئے اسے اقتصادی کامیابی اور علاقائی تعاون کی ایک مثال قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے، بالخصوص تجارت، غذائی تحفظ اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ روابط کو فروغ دیا جائے گا۔

رانا تنویر حسین نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ملائیشین ہائی کمشنر داتو اظہر بن مزالان نے قومی دن کی تقریب میں شرکت اور ملائیشیا کے لیے نیک جذبات کے اظہار پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور علاقائی خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔

تقریب کے اختتام تک ملائیشین ثقافتی پروگرام بھی جاری رہا۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سفارتکاروں اور دیگر مہمانوں نے ملائیشیا کے روایتی ثقافتی مظاہروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور فنکاروں کی پرفارمنس کو بھرپور توجہ سے دیکھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔