اسلام آباد (آئی پی ایس )کینیڈ ا نے اعلی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند غیر ملکی طلبہ، خصوصا ماسٹرز اور پی ایچ ڈی امیدواروں کے لیے اسٹڈی پرمٹ کا عمل آسان اور تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پی ایچ ڈی امیدواروں کی درخواستوں پر 2 ہفتوں کے اندر فیصلہ کیا جائے گا۔
کینیڈین حکومت کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں غیر ملکی طلبہ کی مجموعی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے، تاہم حکومت اعلی تعلیم کے شعبے میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی طلبہ کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کینیڈین محکمہ امیگریشن کے مطابق پی ایچ ڈی امیدواروں کی اسٹڈی پرمٹ درخواستوں کی پروسیسنگ مکمل کرکے محض 2 ہفتوں کے اندر فیصلہ کیا جائے گا۔اس کے علاوہ یکم جنوری 2026 سے پبلک اداروں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں زیر تعلیم طلبہ کو صوبائی یا علاقائی تصدیقی خط کی شرط سے بھی مستثنی قرار دیا گیا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت گریجویٹ طلبہ کو اپنے اہل خانہ کو بھی کینیڈا لانے کی سہولت حاصل ہوگی، جبکہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ پوسٹ گریجویشن ورک پرمٹ کیلئے بھی اہل ہوں گے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کینیڈا میں 2024 کے مقابلے میں بین الاقوامی طلبہ کی مجموعی تعداد میں ایک تہائی کمی ہوئی ہے، تاہم اسی عرصے میں گریجویٹ طلبہ کا تناسب بڑھ کر 21 فیصد ہوگیا، جو گزشتہ سال 12 فیصد تھا۔کینیڈین حکومت کے مطابق پالیسی میں تبدیلی کا مقصد دنیا بھر سے بہترین محققین اور باصلاحیت طلبہ کو کینیڈا کی جانب راغب کرنا اور اعلی تعلیم و تحقیق کے شعبے میں ملک کی کشش برقرار رکھنا ہے۔
