ہومبریکنگ نیوزاختیارات کے استعمال میں آئین کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہئے: جسٹس امین الدین

اختیارات کے استعمال میں آئین کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہئے: جسٹس امین الدین

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ اختیارات کے استعمال میں آئین کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہئے۔
وفاقی آئینی عدالت میں عدالتی سال 27-2026 کے آغاز پر چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ نئے عدالتی سال کا آغاز انصاف کی فراہمی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، وفاقی آئینی عدالت آئینی معاملات پر ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہی ہے۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اختیارات کے استعمال میں آئین کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہئے، آئین کی پاسداری سے ہی معاشرے میں استحکام ممکن ہے، آئین میں اختیارات اور حدود کا واضح تعین کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی امور میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا ضروری ہے، وفاقی آئینی عدالت نے مختصر عرصے میں کئی اہم مقدمات کے فیصلے سنائے، ٹیکنالوجی کا استعمال ادارہ جاتی استعداد اور شفافیت بڑھاتا ہے۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ انصاف تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، بلا تفریق آئینی انصاف ہماری بنیادی ترجیح ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی کسی بھی معاشرے میں بنیادی اہمیت کی حامل ہے، بار ایسوسی ایشنز اور دیگر ادارے آئینی عدالت کے لیے بھی اہمیت کے حامل ہیں۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ بیرونی دوروں اور سرگرمیوں سے عدالتی شعبے میں تعاون بڑھایا جا رہا ہے، مقدمات کی سماعت کیلئے تقرر میرٹ پر شفاف انداز میں کیا جاتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔