ہومپاکستانوفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنرڈیوڈ پائن کی ملاقات

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنرڈیوڈ پائن کی ملاقات

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان میں نیوزی لینڈ کے نامزد ہائی کمشنر ڈیوڈ پائن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر نے حالیہ یورو بانڈ کے اجرا کے ذریعے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں پاکستان کی کامیاب واپسی پر وزیر خزانہ کو مبارکباد دی اور میکرو اکنامک (مجموعی معاشی)استحکام اور اقتصادی اصلاحات کی جانب ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو پاکستان اور وسیع تر جنوبی ایشیائی خطے کے ساتھ اپنے روابط کو مضبوط بنانے کے حوالے سے نیوزی لینڈ کے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے میکرو اکنامک استحکام کے حصول میں پاکستان کی پیش رفت اجاگر کی اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی توجہ اب اصلاحاتی عمل کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری، برآمدات، روزگار کی فراہمی اور پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب بڑھنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس سفر کو جاری رکھنے کے لیے پالیسی کا تسلسل، مالیاتی نظم و ضبط اور ساختی اصلاحات کلیدی حیثیت رکھیں گی۔ ملاقات میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کاروباری سطح پر روابط کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ڈویڈ پائن نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کی جانب سے براہ راست روابط قائم کرنے اور عملی تجارتی مفاد کے شعبوں کی نشاندہی کرنے کی حوصلہ افزائی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تجارتی مسائل کی بروقت نشاندہی اور حل کے لیے دوطرفہ تجارتی مذاکرات کے باقاعدہ انعقاد میں نیوزی لینڈ کی دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔

وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے میں نجی شعبے کے روابط کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے، جبکہ حکومت اس کے لیے ضروری ماحول اور معاونت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ باضابطہ تجارتی معاہدے موجودہ کاروباری سرگرمیوں کو تیز کر سکتے ہیں، جبکہ پائیدار کاروباری روابط تجارت اور سرمایہ کاری کے مضبوط بہا کی بنیاد رکھنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ وزیرِ خزانہ نے نئی معیشت، خاص طور پر ڈیجیٹل خدمات، ٹیکنالوجی اور نوجوان ٹیلنٹ کے شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے آئی ٹی اور فری لانس ایکو سسٹم کا ذکر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ملک روایتی برآمدی صنعتوں کی مسابقت کو بہتر بنانے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے شعبوں میں بھی بڑی پیش رفت کر سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔