اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانگیر پیراچا سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے زراعت، کھاد کی پیداوار اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے نئے اور امید افزا مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایتھوپیا کے سفیر نے جہانگیر پیراچا کو ایتھوپیا میں جاری معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے فراہم کی جانے والی مراعات سے آگاہ کیا، جبکہ مختلف اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔اس موقع پر سفیر ڈاکٹر اومر ایچ اوبا نے ایف ایف سی کے ایم ڈی و سی ای او کو ایتھوپیا کے دورے کی دعوت دی تاکہ ملک کے مختلف اقتصادی شعبوں میں موجود پوشیدہ اور غیر دریافت شدہ کاروباری و سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ملاقات میں پاکستان اور ایتھوپیا کے نجی شعبوں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
