اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے ویتنام کے صدر تو لام، حکومت اور عوام کو ملک کے 81ویں قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت نے ویتنام کے صدر کے نام اپنے تہنیتی خط میں کہا کہ 1945 میں آزادی کے حصول کے بعد ویتنام نے متعدد چیلنجز پر قابو پایا اور سیاسی، اقتصادی اور سماجی شعبوں میں نمایاں ترقی حاصل کی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ویتنام کے ساتھ اپنے دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے دوطرفہ تعاون کو اس کی مکمل صلاحیت کے مطابق مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام اگلے سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 55ویں سالگرہ منانے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے اس اہم سنگِ میل کی یاد منانے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ویتنام کے صدر تو لام کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت بھی دی۔
صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاک۔ویتنام دوستانہ تعلقات آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک باہمی تعاون کے نئے مواقع سے استفادہ کرتے ہوئے مشترکہ مفاد کے لیے آگے بڑھیں گے۔
