ہومپاکستانپاک، سعودیہ زرعی شعبے میں بڑی پیشرفت، برآمدات 3ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم

پاک، سعودیہ زرعی شعبے میں بڑی پیشرفت، برآمدات 3ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم

اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی میں سعودی وزیرِ ماحولیات، پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمان اے الفضلی اور وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق حکومتِ پاکستان کی دعوت پر سعودی وزیرِ ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمان اے الفضلی کی قیادت میں سعودی وفد نے 26 سے 28 اگست 2026 تک اسلام آباد کا دورہ کیا۔

وفد میں سعودی وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت، جنرل فوڈ سیکیورٹی اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کے اعلی حکام شامل تھے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی وفد سے ملاقات کی اور ممکنہ تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان کی جانب سے وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کی۔وفد میں سیکریٹری تجارت جواد پال، سیکریٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق عامر علی احمد، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے زراعت و غذائی تحفظ احمد عمیر اور پاکستان کے چاول، سرخ گوشت، پراسیسڈ فوڈ، فروٹ کنسنٹریٹ اور سبز چارے کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے نجی شعبے کے نمائندگان شامل تھے۔سعودی وفد کے دورے کے دوران پاکستان سعودی عرب ایگریکلچر اینڈ فوڈ اسٹریٹجک پلان پر بریفنگ دی گئی، جبکہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی(، فوجی فانڈیشن اور پاکستان سعودی عرب ایگری بزنس فورم کے ساتھ ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ سعودی وفد نے نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (این اے آر سی)کا دورہ بھی کیا۔اعلامیے میں دونوں فریقین نے 1947 سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قائم گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔دونوں ممالک نے سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت غذائی تحفظ کی ترجیحات اور پاکستان کے زرعی و غذائی برآمدی شعبے کے درمیان موجود باہمی ہم آہنگی کو بھی اجاگر کیا۔دونوں ممالک نے اس مشترکہ عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی زرعی اور غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات کو 3 ارب امریکی ڈالر تک پہنچایا جائے گا، جس کے لیے آئندہ 2 سال کے دوران اس ہدف کے حصول کی کوشش کی جائے گی۔

اس مقصد کے لیے سعودی نجی شعبے کے ساتھ مل کر چاول، سرخ گوشت، پھل اور ان کے کنسنٹریٹس، سبز چارہ اور پانی کے مثر استعمال پر مبنی زرعی ٹیکنالوجیز کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا۔چاول کے شعبے میں دونوں جانب سے نوٹ کیا گیا کہ پاکستان نے 2025 میں سعودی عرب کی چاول کی درآمدی منڈی کو قریبا 169 ہزار ٹن چاول فراہم کیے، جن کی مالیت تقریبا 163 ملین امریکی ڈالر تھی۔ سعودی وفد نے آئندہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان چاول کی دوطرفہ تجارت مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔سرخ گوشت کے شعبے میں دونوں فریقین نے پاکستان کی جانب سے سالانہ تقریبا 30 ہزار ٹن سرخ گوشت کی فراہمی کا جائزہ لیا، جس کی مالیت تقریبا 167 ملین امریکی ڈالر ہے۔ سعودی وفد نے پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمد کو بتدریج دوگنا کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔پھلوں اور ان کے کنسنٹریٹس کے حوالے سے دونوں ممالک نے سعودی عرب میں پاکستان کے برآمدی حصے کو مزید بڑھانے کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ دونوں فریقین نے نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط اور میچ میکنگ کو آسان بنانے اور معیار کی سرٹیفکیشن کی باہمی منظوری کے لیے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی۔سعودی فریق نے سبز چارے کو تجارت میں وسعت اور طویل المدتی سپلائی پارٹنرشپ کے قیام کے لیے ایک امید افزا شعبہ قرار دیا۔ دونوں ممالک نے بھکر، پنجاب میں پانی کے مثر استعمال پر مبنی آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کا خیرمقدم کیا اور چھوٹے کاشتکاروں کے لیے مجوزہ دوسرے مرحلے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔سعودی وفد نے پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیٹس کونسل میں شمولیت اختیار کرنے کی ترغیب بھی دی، جس کا پاکستانی جانب سے خیرمقدم کیا گیا۔دونوں فریقین نے لائیو اسٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین کے شعبوں میں پاکستان کے نجی شعبے کی جانب سے پیش کردہ سرمایہ کاری تجاویز کا بھی جائزہ لیا اور ان مواقع پر باہمی تعاون کے لیے رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دونوں ممالک نے اپنی وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی عرب میں منعقد ہونے والی 43ویں سعودی ایگریکلچر نمائش میں شرکت کی دعوت کا خیرمقدم کیا۔ یہ نمائش 19 سے 22 اکتوبر 2026 کو ریاض میں ہوگی۔دونوں جانب نے سعودی وفد کے دورے کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی مفاہمتوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔