ہومپاکستانجرمن سفیر کی وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات ،دوطرفہ اقتصادی و کاروباری تعلقات مزید مضبوط بنانے کا اعادہ

جرمن سفیر کی وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات ،دوطرفہ اقتصادی و کاروباری تعلقات مزید مضبوط بنانے کا اعادہ

اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان میں جرمنی کی سفیر محترمہ انا لیپل نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی اور پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں موڈیز کی حالیہ بہتری پر مبارکباد دی۔جرمن سفیر نے علاقائی جغرافیائی و تزویراتی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی اقتصادی میدان میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری پاکستان کے معاشی مستقبل اور اصلاحاتی اقدامات پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہے۔

ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، مالیاتی نظم و ضبط، ساختی اصلاحات اور سرمایہ کاری و کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے، ادارہ جاتی اصلاحات اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس نظام میں شفافیت، کارکردگی اور سہولت پیدا کرنے پر بھی روشنی ڈالی۔ملاقات میں پاکستان میں کام کرنے والی جرمن ملٹی نیشنل کمپنیوں سے متعلق امور اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون مزید بڑھانے کے مواقع بھی زیر بحث آئے۔جرمن سفیر نے پاکستان کی معاشی استحکام اور اصلاحات کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے جرمنی کی جانب سے دوطرفہ اقتصادی و کاروباری تعلقات مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اعادہ کیا۔محترمہ انا لیپل نے وزیر خزانہ کو رواں سال سیول میں ہونے والی 19ویں ایشیا پیسیفک کانفرنس آف جرمن بزنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ کانفرنس کا مقصد کاروباری اور سیاسی رہنماں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینا اور یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی اور انڈو پیسیفک خطے کے درمیان اقتصادی روابط مضبوط بنانا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔