ہومپاکستانجمہوریہ کانگو کے اعلی سطحی دفاعی وفد کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات، دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو

جمہوریہ کانگو کے اعلی سطحی دفاعی وفد کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات، دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو

اسلام آباد (سب نیوز)جمہوریہ کانگو کے اعلی سطحی دفاعی وفد نے چیف آف ڈیفنس فورسز، لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلمبو جولز کی سربراہی میں ایئر ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف نے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مسلح افواج کے درمیان باہمی روابط، تربیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایئر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی مقامی سطح پر حاصل کردہ دفاعی صلاحیتوں اور خود انحصاری کے حصول کے لیے جاری کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، اعلی آپریشنل تیاری اور تربیت کے بلند معیار کو سراہا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کے حصول میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے خود انحصاری اور مقامی سطح پر دفاعی پیداوار کے میدان میں پاک فضائیہ کی نمایاں پیش رفت کا اعتراف کیا۔ معزز مہما نے جمہوریہ کانگو کی فضائیہ کی ازسرِنو تشکیل اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے وسیع پیشہ ورانہ تجربے اور مہارت سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور دیرپا ادارہ جاتی روابط کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔