اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔دونوں رہنماوں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر انور ابراہیم کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کی موجودہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماوں نے اس رفتار کو مزید آگے بڑھانے، بالخصوص باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔گفتگو کے دوران علاقائی صورتحال، بالخصوص خلیج کی صورتحال، بھی زیرِ بحث آئی۔ ڈاکٹر انور ابراہیم نے پاکستان کی علاقائی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قابلِ تحسین کوششوں، قیادت اور رہنمائی پر اظہارِ تشکر کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت پر اپنے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن کے فروغ کے لیے ملائیشیا سمیت برادر اور دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا، بالخصوص مشرقِ وسطی میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔دونوں رہنماں نے مستقبل قریب میں باہمی طور پر موزوں موقع پر ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم کو اپنی سہولت کے مطابق جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دہرائی۔
شہباز شریف سے ملائیشین وزیراعظم کا ٹیلی فونک رابطہ ، مشرقِ وسطی میں پائیدار امن کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
