اسلام آباد: یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ سٹی پریڈ کے دوران آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آباد کی بگھی کی سواری دونوں اعلیٰ سول افسران کو مہنگی پڑ گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس اقدام پر شدید مایوسی اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آباد کو اس معاملے پر باقاعدہ تنبیہ کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے کسی بھی اقدام سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دونوں اعلیٰ افسران کا یہ اقدام پبلک سروس کے اصولوں اور اقدار کے منافی ہے۔ مراسلے کے مطابق ایسے اقدامات سے عوام میں سرکاری اداروں اور پبلک سروس سے وابستہ شخصیات پر اعتماد میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ سرکاری عہدوں پر فائز افسران کو اپنے طرز عمل اور اقدامات میں پبلک سروس کے اصولوں، سادگی اور ذمہ داری کو مقدم رکھنا چاہیے تاکہ عوامی اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔


