اسلام آباد (آئی پی ایس )نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اس کی روح اور متن کے مطابق عملدر آمد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پراس کی روح اورمتن کے مطابق عملدرآمد ہونا چاہیے، زیر التوا مسائل کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
اسحاق ڈا نے کہا پاکستان ہمیشہ اقوام کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کا علمبردار رہا ہے، گزشتہ برس کے واقعات نے ایک بار پھر دیرینہ تنازعات کے پر امن حل کی فوری ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔انہوں نے کہا خصوصا جموں و کشمیر کا تنازع جو ہمارے خطے میں بدامنی کا ایک اہم سبب ہے، پاکستان کشمیری عوام کی اس منصفانہ جدوجہد میں اصولی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیگا۔اسحاق ڈار نے کہا ہم ان تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جو پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک لاحق خطرات کا مقابلہ کر رہے ہیں،
قوم ان کے ساتھ متحد ہے اور ان کی خدمت اور قربانیوں کے لیے دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہے۔وزیر خارجہ نے کہا آئیے ہم اپنے اداروں کو مضبوط بنانے، قومی اتحاد کو برقرار رکھنے، اپنے عوام کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، خوشحال اور پرامن پاکستان کی تعمیر کے اپنے اجتماعی عزم کی تجدید کریں۔
