اسلام آباد، 14 اگست: پاکستان میں امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاک امریکہ دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں نٹالی اے بیکر نے کہا کہ امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے وہ پاکستان کے 79 سالہ یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو گرمجوشی سے مبارکباد پیش کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی آزادی کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا اور اس کے بعد دونوں ممالک نے مشترکہ وژن اور مستقبل پر نظر رکھتے ہوئے ایک دیرپا شراکت داری قائم کی ہے۔
امریکی ناظم الامور نے کہا کہ وہ اس بات پر بھی بہت پرجوش ہیں کہ 2027 میں امریکہ اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 80ویں سالگرہ منائی جائے گی۔
امریکی “فریڈم 250” اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف امریکہ کے سفر کا جشن منایا گیا بلکہ امن، خوشحالی اور جدت کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مل کر ایک زیادہ خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے کام کر رہے ہیں۔
نٹالی اے بیکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امریکہ پاکستان کی ترقی کے سفر میں ایک پُرعزم شراکت دار کی حیثیت سے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
انہوں نے امریکی سفارتی مشن پاکستان کی جانب سے پاکستانی قوم کو “یومِ آزادی مبارک” بھی پیش کیا۔
