ہومتازہ ترینچودہ اگست پاکستان کو اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے، ڈاکٹر طارق سلیم

چودہ اگست پاکستان کو اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے، ڈاکٹر طارق سلیم

اسلام آباد(سب نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ چودہ اگست پاکستان کو اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے، پاکستان اللہ تعالی کی عظیم نعمت اور لاکھوں مسلمانوں کی جدوجہد، قربانیوں اور لازوال جدوجہد کا ثمر ہے، یومِ آزادی ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم پاکستان کو مضبوط، خوشحال، خودمختار، اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے

انھوں نے کہا آج پاکستان کو مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، کرپشن، سیاسی عدم استحکام اور معاشی مشکلات جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، آزادی کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ عام آدمی کو معاشی استحصال، ظلم اور ناانصافی سے نجات دلائی جائے اور ریاست کے وسائل پر اشرافیہ کی اجارہ داری ختم کی جائے،ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کے لیے قانون، آئین، جمہوریت، انصاف اور قومی اتحاد کی بنیاد رکھی تھی، ہمیں قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ایسا پاکستان تشکیل دینا ہوگا جہاں امیر اور غریب کے لیے یکساں قانون ہو، نوجوانوں کو روزگار ملے، کسان اور مزدور خوشحال ہوں، اقلیتوں سمیت ہر شہری کے بنیادی حقوق محفوظ ہوں اور ریاست عوام کی خدمت کا ذریعہ بنے،انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں اور ملک میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیا جائے، ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک ایسے پاکستان کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جہاں عدل، دیانت، آئین کی بالادستی اور عوام کی حکمرانی ہو، یہی آزادی کا حقیقی تقاضا اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔