ہومبریکنگ نیوزپیٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کے ملک گیر دھرنے، نیشنل ہائی وے ،اہم شاہراہیں بند

پیٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کے ملک گیر دھرنے، نیشنل ہائی وے ،اہم شاہراہیں بند

کراچی/اسلام آباد/لاہور (سب نیوز) جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کیخلاف ملک گیر احتجاجی دھرنے شروع ہوگئے، کارکنوں نے نیشنل ہائی وے دھرنا دے کر بند کردی۔ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پورے ملک میں 510 سڑکیں بند کی جائیں گی، بڑی شاہراہیں بند کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ ترجمان جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ کارکنان نے شہر کی مصروف ترین شاہراہ اورنگی اور حب ریور روڈ بند کردی ہیں۔اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی کے کارکنان نے نیشنل ہائی پر بھی دھرنا دے دیا ہے جس سے ٹریفک معطل ہوگیا۔لاہور میں قرطبہ چوک اور اسلام آباد میں چھبیس نمبر اسٹاپ پر احتجاج اور دھرنا ، کوئٹہ میں میاں غنڈی چوک، پشاور میں ٹول پلازہ اور ملتان میں بوسن روڈ پر دھرنا ہوگا۔

کرک میں انڈس ہائی وے، بنوں میں سی پیک چوک اور چکدرہ میں انٹرچینج پر دھرنا ہوگا،دھرنوں کی قیادت جماعت کے صوبائی اور ضلعی عہدیدار کریں گے۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ احتجاج کے دوران سڑکیں بند ہوں گی اور صرف ایمبولینس کو گزرنے دیا جائے گا۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا، عوام اپنی اجتماعی طاقت کا مظاہرہ کریں تو مطالبات منوائے جا سکتے ہیں، 25 کروڑ پاکستانی متحد ہوں تو اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے عوام سے احتجاج میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔دوسری جانب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عوام پر مزید معاشی بوجھ برداشت نہیں کیا جا سکتا، حکومت فوری طور پر پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کرے، بصورت دیگر ملک گیر احتجاج مزید شدت اختیار کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج میں رکاوٹ ڈالی گئی تو اسے حکومت گرا تحریک میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

لاہور میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف وحدت روڈ پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ ملک بھر کے 510مقامات پر پرامن دھرنے دیے جائیں گے اور اہم شاہراہیں بند کی جائیں گی، تاہم ایمبولینسوں کو بلا رکاوٹ گزرنے دیا جائے گا۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرولیم لیوی دراصل ٹیکس نہیں بلکہ بھتہ ہے، جس کا بوجھ ہر شہری اٹھا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول پر عوام سے 125 روپے تک ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے کے بجائے اربوں روپے کے طیارے اور کروڑوں روپے کی گاڑیاں خرید رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہیں کی گئیں۔ ان کے بقول حکومت اب تک پیٹرولیم لیوی کی مد میں 8 ہزار ارب روپے وصول کر چکی ہے، مگر اس رقم سے نہ آئل ریفائنریز کو بہتر بنایا گیا اور نہ ہی پیٹرولیم انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری کی گئی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مہنگائی کے باعث خواتین کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے اور بہت سی خواتین گھر چلانے کے لیے اپنے زیورات فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ غریب طبقہ بدترین معاشی دبا کا شکار ہے، جبکہ سرکاری ادارے کمزور طبقے پر مزید بوجھ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ حکمران عوام کے مسائل سے لاتعلق ہیں، بیوروکریسی عوام کو محکوم سمجھتی ہے اور نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی پالیسیوں کی تابع بن چکی ہے۔ ان کے مطابق آئی ایم ایف حکمرانوں کو اپنے اخراجات کم کرنے کا بھی کہتا ہے، لیکن حکومت صرف عوام پر نئے ٹیکس لگانے اور مہنگائی بڑھانے پر عمل کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا، تاہم حکومت کو عوامی مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے، ورنہ حالات کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔