ہومتازہ ترینشہید صدر جنرل ضیا الحق اور شہدائے بہاولپور کی 38ویں برسی 17اگست کو،سانحہ بہاولپور کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر لائی جائے، اعجاز الحق کا مطالبہ

شہید صدر جنرل ضیا الحق اور شہدائے بہاولپور کی 38ویں برسی 17اگست کو،سانحہ بہاولپور کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر لائی جائے، اعجاز الحق کا مطالبہ

اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ضیا الحق)کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ سابق صدر جنرل محمد ضیا الحق اور شہدائے بہاولپور کی 38ویں برسی 17 اگست کو انتہائی احترام اور بھرپور انداز میں منائی جائے گی۔ اس سلسلہ میں تمام تر تیاریاں اور انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔جمعرات کو پبلک سیکرٹریٹ میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اعجاز الحق نے سانحہ بہاولپورکی تحقیقات میں ہنوز پیش رفت نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ ایک بڑی سازش تھی جس کے پسِ پردہ حقائق کو آج تک بے نقاب نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس شفیع الرحمن انکوائری رپورٹ کو نہ تو پبلک کیا گیا اور نہ ہی اس کی سفارشات پر عملدرآمد ہوا، لہذا حکومت اور متعلقہ اداروں کو اس اہم اور حساس معاملے پر فوری اور خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کو داخلی و خارجی سطح پر شدید سیاسی، معاشی اور انتظامی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ درپیش بحرانوں سے نکلنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر میثاقِ معیشت اور قومی ہم آہنگی کی طرف بڑھنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئینی حدود میں رہتے ہوئے جمہوری اداروں کی مضبوطی اور تمام فریقین کے درمیان پائیدار مکالمہ ہی ملک کو سیاسی عدم استحکام سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔

برسی کے حوالے سے منعقد ہونے والے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “جنرل ضیا الحق شہید، تیری عظمت کو سلام” کے عنوان سے 17 اگست کو سیمینار راولپنڈی میں منعقد ہوگا۔ اس سیمینار میں شہدائے بہاولپور کی یاد اور شہدائے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس سیمینار میں نہ صرف شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا بلکہ ملک کی موجودہ سیاسی اور قومی صورتحال پر بھی جامع تبصرہ کیا جائے گا۔ سیمینار کے موقع پر ملک میں دہشت گردی کی عفریت پر قابو پانے، انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام اور دیگر درپیش قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آئندہ کا واضح لائحہ عمل قوم کے سامنے رکھا جائے گا۔ اعجاز الحق نے عوام اور کارکنوں سے اس تاریخی سیمینار میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔