ہومپاکستانقائم مقام گورنر پنجاب سے آذربائیجان کے سبکدوش سفیر کی الوداعی ملاقات

قائم مقام گورنر پنجاب سے آذربائیجان کے سبکدوش سفیر کی الوداعی ملاقات

لاہور: قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں سے پاکستان میں آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے گورنر ہاؤس لاہور میں الوداعی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے دوطرفہ تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور دیرینہ دوستی پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے پاکستان میں اپنے سفارتی دور کے دوران ملنے والے تعاون، محبت اور خیرسگالی پر حکومتِ پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

ملاقات میں دونوں جانب سے دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری، تجارت اور عوامی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب، ایڈوائزر برائے سپیکر اسامہ خاور، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی، ملک تیمور خان اور ملک علی خان بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔