لاہور: (آئی پی ایس) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دو ماہ کے دوران صوبے کے مختلف شہروں میں 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 5 را ایجنٹس سمیت 54 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، جہلم، پاکپتن، گوجرانوالہ، ساہیوال اور اوکاڑہ سمیت مختلف اضلاع میں کی گئیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سے مبینہ تعلق رکھنے والے 5 ایجنٹس بھی شامل ہیں، جن کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 12 آئی ای ڈیز، 42 ڈیٹونیٹرز، 98 فٹ سیفٹی فیوز وائر، ممنوعہ سٹیکرز، کتابیں اور نقدی برآمد کی گئی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت وارث خان، نصر، منور حسین، کامل داد، زاہد، انعام اللہ، مطیع اللہ، جلال اور جمشید سمیت دیگر ناموں سے ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد مبینہ طور پر شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران پنجاب بھر میں 13 ہزار 572 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں 4 لاکھ 94 ہزار 642 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ 1 ہزار 193 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
