ہومپاکستانوزیراعظم شہباز شریف کا ملک بھر میں بجلی چوری کیخلاف سخت کارروائی، فوری اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف کا ملک بھر میں بجلی چوری کیخلاف سخت کارروائی، فوری اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا حکم

اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے بجلی چوری کے خاتمے کے لیے ہر سطح پر سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم نے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے موثر تدارک کے لیے گاوں کی سطح پر سولرائزیشن منصوبے تیار کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو اسلام آباد میں پاور ڈویژن سے متعلق امور پر اجلاس کی صدارت کی۔ اس دوران انہوں نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بلنگ نظام کا تکنیکی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی۔انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ہدف پر مبنی کلیدی کارکردگی اشاریے مرتب کرنے کریں، تاکہ کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والی بجلی تقسیم کار کمپنی کو اس کی خدمات کے اعتراف میں قومی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔اجلاس کو بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ تکنیکی اور کمرشل نقصانات میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (جیبکو)میں ترسیل و تقسیم کے سب سے کم نقصانات ریکارڈ کیے گئے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ مالی سال 26-2025 کے دوران آئیسکو، لیسکو، جیبکو، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی فیسکو اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی میپکو نے واجبات کی 100 فیصد وصولی کا ہدف حاصل کر لیا۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی چوری کی روک تھام، ریکوری میں بہتری اور تکنیکی مسائل کے مثر حل کے لیے حیدرآباد، سکھر، لاہور، ملتان اور ہزارہ میں ڈسکو سپورٹ یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ ٹرانسفارمرز کی سطح پر ایسٹ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کی تنصیب کا پہلا مرحلہ 30 ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا، جس سے ٹرانسفارمرز کی نگرانی بہتر ہو گی اور بجلی چوری و لوڈشیڈنگ میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ملتان، لاہور، پشاور، ہزارہ اور کوئٹہ کے علاقوں میں 16.2 ملین سنگل فیز ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچراے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔