ہومپاکستانجاپان اور یونیسیف کا پاکستان میں بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے دیرینہ شراکت داری کی تجدید کا اعادہ

جاپان اور یونیسیف کا پاکستان میں بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے دیرینہ شراکت داری کی تجدید کا اعادہ

اسلام آباد(سب نیوز)جاپان کی حکومت اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف)نے پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کئی دہائیوں پر محیط اپنی مضبوط شراکت داری کی تجدید کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ادارے ملک میں بچوں کی بہتر زندگی اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھیں گے۔جاپان، یونیسیف کے قدیم ترین اور سب سے بڑے عالمی شراکت داروں میں شمار ہوتا ہے۔ پاکستان میں دونوں فریقین کے درمیان جاری تعاون کے تحت صحت، غذائیت، تعلیم، صاف پانی، صفائی و حفظانِ صحت (واش)اور بچوں کے تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں لاکھوں بچوں اور ان کے خاندانوں کو معاونت فراہم کی گئی ہے۔
جاپان اور یونیسیف نے قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات میں امدادی سرگرمیوں، پاکستان میں پولیو کے مکمل خاتمے کی کوششوں اور بچوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے مضبوط اور موثر نظام کی تشکیل میں مشترکہ کردار ادا کیا ہے۔2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد جاپان نے یونیسیف کی ہنگامی امدادی کارروائیوں کے لیے 6.48 ملین امریکی ڈالر فراہم کیے، جن کی بدولت سندھ اور بلوچستان کے شدید متاثرہ علاقوں میں بچوں اور کمزور خاندانوں کو صاف پینے کے پانی، صفائی و حفظانِ صحت کی سہولیات، بنیادی طبی خدمات اور غذائی معاونت فراہم کی گئی۔ اس تعاون سے متاثرہ کمیونٹیز کی بحالی کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ممکنہ آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بھی مضبوط بنایا گیا۔پاکستان میں جاپان کے سفیر ہز ایکسی لینسی آکاماتسو شوئیچی نے کہا کہ جاپان اور یونیسیف کے درمیان شراکت داری بین الاقوامی ترقیاتی تعاون کی سب سے مضبوط اور دیرپا شراکت داریوں میں سے ایک ہے، جو اس مشترکہ یقین پر استوار ہے کہ ہر بچے کو، خواہ وہ کسی بھی ملک یا حالات میں پیدا ہوا ہو، صحت مند، محفوظ اور باوقار زندگی گزارنے کے مساوی مواقع میسر آنے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ جاپان کی خارجہ پالیسی انسانی ترقی، بالخصوص بچوں کی فلاح و بہبود، کو حقیقی ترقی کا معیار تصور کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاپان پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے بھی طویل عرصے سے بھرپور معاونت فراہم کر رہا ہے اور اس تعاون کے ذریعے ملک کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں لاکھوں بچوں تک حفاظتی ٹیکوں کی مہمات کامیابی سے پہنچائی گئی ہیں۔پاکستان میں یونیسیف کی قائم مقام نمائندہ شرمیلا رسول نے کہا کہ جاپان گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان کے بچوں کے لیے ایک قابلِ اعتماد شراکت دار رہا ہے۔ ان کے بقول ہنگامی امداد، بنیادی خدمات کی بہتری اور طویل المدتی ترقیاتی پروگراموں میں جاپان کی مسلسل معاونت نے لاکھوں بچوں کو محفوظ، صحت مند اور بہتر مستقبل کی جانب بڑھنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جاپان اور یونیسیف نہ صرف موجودہ انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں بلکہ ایسے مضبوط اور پائیدار نظام بھی تشکیل دے رہے ہیں جو مستقبل میں ہر بچے کو زندہ رہنے، نشوونما پانے اور اپنی مکمل صلاحیتوں کے حصول کے یکساں مواقع فراہم کریں گے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جاپان کی مسلسل مالی معاونت اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ ہنگامی حالات کے دوران اور اس کے بعد بھی بچوں کے لیے ضروری خدمات بلا تعطل جاری رہیں، فوری انسانی ضروریات پوری کی جائیں اور ایسی پائیدار بحالی ممکن ہو جو آنے والے برسوں تک بچوں، ان کے خاندانوں اور مقامی آبادیوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔