ہومپاکستانریاست فیصلہ کرے کہ قومی مفاد زیادہ اہم ہے یا ن لیگ کا مفاد،ریاست کا ہر فیصلہ ن لیگ کے مفاد کو ترجیح دے رہا ہے،بلاول بھٹو

ریاست فیصلہ کرے کہ قومی مفاد زیادہ اہم ہے یا ن لیگ کا مفاد،ریاست کا ہر فیصلہ ن لیگ کے مفاد کو ترجیح دے رہا ہے،بلاول بھٹو

اسلام آباد (سب نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ریاست فیصلہ کرے کہ قومی مفاد زیادہ اہم ہے یا ن لیگ کا مفاد؟ ریاست کا ہر فیصلہ ن لیگ کے مفاد کو ترجیح دے رہا ہے، آزادکشمیر میں قومی مفاد کے بجائے ن لیگ کے مفاد کو ترجیح دی گئی۔
مظفرآباد میں ایک اجتماع سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم قومی مفاد میں حکومت اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، ن لیگ کے مفاد میں ہم کسی کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار نہیں، دھاندلی کیلئے مرحلہ وار الیکشن کروائے جارہے ہیں، ریاست کا ہر فیصلہ ن لیگ کے مفاد کو ترجیح دے رہا ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دھاندلی کی کہانی آج سے شروع نہیں ہوئی،ہم قومی مفاد میں خاموش تھے، پچھلے الیکشن کی بات کروں تو بات دور تک چلی جائے گی، ہم آزاد کشمیر کو کبھی مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیں گے، انٹرنیٹ بند کرنے سے آزاد کشمیر مقبوضہ کشمیر لگے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ظلم اور زیادتی، قتل وغارت، ڈکیتی کو جمہوریت کا نام دیا جاتا ہے، تباہی پھیلاتے ہیں اور امن کا نام دیتے ہیں، آزاد کشمیر میں جو ہورہا ہے کیا اسے جمہوریت کا نام دے سکتے ہیں؟ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے،کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے، ہم اپنی 100 فیصد سیٹیں واپس چھین کر رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کی گنتی جو بھی ہو،عوام کی خواہش کے مطابق تیر جیت چکا ہے، انہوں نے وہی کام کیا جو پچھلے الیکشن میں کیا تھا، ہمارا کام ووٹ کا تحفظ کرناہے، گزشتہ الیکشن میں انہوں نے گولیاں چلائیں،ہم نے ووٹ کا تحفظ کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دھاندلی کیلئے مرحلہ وار الیکشن کروائے جارہے ہیں، ووٹوں کے مطابق چوہدری یاسین نے دونوں نشستیں جیت لی ہیں، ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ احتجاج کے مسئلہ کا درمیانی راستہ نکالنا چاہیے تھا، احتجاج کرنے والوں سے بھی تاریخی غلطیاں ہوئیں، سچ اور مفاہمت کا کمیشن بن جاتا تو سچ اور جھوٹ سامنے آجاتا، الیکشن میں ضروری ہے کہ امن قائم کریں اور غیرمتنازعہ الیکشن ہوں۔ اپنے بھائیوں کو شہید ہوتے نہیں دیکھ سکتے، کون کس کا ایجنٹ ہے؟کمیشن بنانا ہوگا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ زور زبردستی اور چور دروازے سے حکومت بنانا چاہتے ہیں، ہم پرامن رہنا چاہتے ہیں ورنہ میں بھی صدر زرداری کا بیٹا ہوں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔