اسلام آباد، (سب نیوز) : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے قازقستان کے سفیر یرزہان کِستافِن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات قازق سفیر کی پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے کے موقع پر ہوئی، جس میں پاکستان اور قازقستان کے دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں قازق سفیر یرزہان کِستافِن کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے حالیہ برسوں میں پاکستان اور قازقستان کے مابین تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تاریخی روابط باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ پارلیمانی روابط میں اضافہ باہمی ہم آہنگی اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے دورۂ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔
قازق سفیر یرزہان کِستافِن نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تعریفی کلمات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے عالمی سطح پر تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
قازق سفیر نے کہا کہ پاکستان میں بطور سفیر تعیناتی کے دوران انہیں جو عزت، خلوص اور تعاون ملا، وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔
قازق سفیر کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے الوداعی ملاقات
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
