اسلام آباد:(سب نیوز) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے سبکدوش ہونے والے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے غیر معمولی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے سفارتی دور میں پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات تاریخی بلندیوں تک پہنچے۔
خضر فرہادوف نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے الوداعی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 8ویں مشترکہ وزارتی کمیشن، ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) اور 15 معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو نئی جہت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان ٹریڈ ہاؤسز، مشترکہ چیمبر آف کامرس اور بزنس فورمز کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور کاروباری روابط میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ پاکستان خطے میں زمینی تجارتی روابط کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، جس سے علاقائی تجارت اور اقتصادی انضمام کو نئی رفتار ملے گی۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کار دوست ماحول اور شفاف پالیسیوں کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ توانائی، انفراسٹرکچر، مینوفیکچرنگ، سیاحت اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ انہوں نے آذربائیجان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اسپیشل اکنامک زونز اور صنعتی مراکز کے دوروں کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں آذربائیجان کی مجوزہ سرمایہ کاری، خصوصاً توانائی کے شعبے میں، جلد عملی شکل اختیار کرے گی۔
جام کمال خان نے خضر فرہادوف کی کامیاب سفارتی خدمات کو پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کا ایک سنہری باب قرار دیتے ہوئے ان کے لیے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
