کراچی: (آئی پی ایس) ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 600 روپے کا اضافہ ہو گیا۔
سونے کی قیمت میں دوسرے روز بھی بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 600 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 33 ہزار 836 روپے ہو گئی۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 944 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 71 ہزار 944 روپے پر آ گئی۔
مقامی بازار میں چاندی کی قیمت میں بھی معمولی اضافہ دیکھا گیا جہاں فی تولہ چاندی 7 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 403 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 6 روپے اضافے کے بعد 5 ہزار 489 روپے کی ہو گئی۔
گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔ جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 29 ہزار 236 روپے پہنچ گئی تھی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 29 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔ جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 3 لاکھ 68 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔
گزشتہ روز چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا تھا۔ اور فی تولہ چاندی 219 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 396 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا
ایسوسی ایشن کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 46 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 114 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ چاندی کی قیمت 0.07 ڈالر اضافے کے بعد 59.24 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔
