اسلام آباد(سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سارک کے سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل کی علاقائی تعاون کے فروغ کے لئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے سارک کے عمل کیلئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سارک کے منشور کے اصولوں کی روشنی میں تنظیم کو ازسرِنو متحرک کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ علاقائی روابط، پائیدار ترقی اور جنوبی ایشیا کے عوام کی مشترکہ خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے خطے کی بے پناہ آبادیاتی اور معاشی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا۔سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور نے سارک اور اس کے اداروں کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کو سراہا اور علاقائی و عالمی امن کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے سیکرٹری جنرل کے لئے ان کی مدتِ ملازمت کے کامیاب اختتام کی نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مستقبل کی تمام کاوشوں کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے سارک کے سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور کی ملاقات
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
