ہومپاکستاناوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں،چیئرمین سینیٹ

اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (سب نیوز)چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں، جو اپنی دیانت، محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کاروباری کامیابیوں کے ذریعے نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کر رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی منڈیوں، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور معاشی مواقع کو پاکستان سے جوڑنے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام میں میں نیویارک چیمبر آف سمال بزنس کارپوریشن، امریکہ کے بانی صدر سید علمدار حسین شاہ کی قیادت میں امریکہ، متحدہ عرب امارات، قطر اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز کاروباری رہنماں پر مشتمل وفد کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین سینیٹ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ اس امر کا مظہر ہے کہ اوورسیز پاکستانی کاروباری برادری پاکستان کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور قومی خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازوں، حکومتی اداروں اور مقامی کاروباری حلقوں کے ساتھ وفد کی ملاقاتیں دونوں جانب اعتماد، تعاون اور مضبوط معاشی روابط کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گی۔

سید یوسف رضا گیلانی نے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر پیش کیے گئے اعزازی سند پر وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعزاز کو ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان، اس کے جمہوری اداروں اور دنیا بھر میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف کے طور پر قبول کرتے ہیں، جنہوں نے اپنی صلاحیتوں اور کردار کے ذریعے ملک کا وقار بلند کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری اعتماد کو فروغ دیتے ہیں اور جب کاروباری ادارے مل کر ترقی کرتے ہیں تو ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط اور دیرپا بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفد کا دورہ پاکستان کی معیشت پر اعتماد اور روشن مستقبل پر یقین کا اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نوجوان آبادی، تیزی سے فروغ پاتی ڈیجیٹل معیشت، منفرد جغرافیائی محلِ وقوع اور قدرتی وسائل کی بدولت سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی، کاروبار میں آسانی اور معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر مسلسل عمل پیرا ہے، جبکہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سہولت اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید موثر بنایا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمنٹ سرمایہ کاروں کے اعتماد کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ مضبوط جمہوری ادارے، موثر قانون سازی اور شفاف نگرانی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہیں۔ سینیٹ ایسے تمام اقدامات اور پالیسیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی جو کاروبار، سرمایہ کاری، اختراع، صنعت اور روزگار کے مواقع میں اضافے کا باعث بنیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آج کی ملاقات سینیٹ آف پاکستان اور اوورسیز پاکستانی کاروباری تنظیموں کے درمیان ایک مضبوط اور دیرپا ادارہ جاتی تعلق کی بنیاد ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ رابطہ محض ایک ملاقات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے مستقل مکالمے کی صورت اختیار کرنی چاہیے تاکہ قانون ساز بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی توقعات اور تجاویز سے مستفید ہو سکیں اور اوورسیز پاکستانی اپنے عالمی تجربات کے ذریعے وطن کی ترقی میں مزید مثر کردار ادا کریں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دنیا کی ہر کامیاب قوم نے اپنی اوورسیز کمیونٹی کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے اور پاکستان بھی اس سے مستثنی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی عالمی منڈیوں اور پاکستان کے درمیان مضبوط معاشی پل تعمیر کر رہے ہیں اور یہی روابط مستقبل کی خوشحالی کی ضمانت ہیں۔انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ خیرسگالی کو سرمایہ کاری، سرمایہ کاری کو معاشی مواقع اور معاشی مواقع کو مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے اپنا کردار مزید موثر انداز میں ادا کرے۔اپنے خطاب کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وفد کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کا یہ دورہ پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری کے درمیان معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور دونوں جانب دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔