اسلام آباد(سب نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان آج اقوامِ عالم کے ساتھ مل کر آبادی کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے ذمہ دارانہ منصوبہ بندی کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبادی کی دانشمندانہ منصوبہ بندی اور مؤثر نظم و نسق ہی ایک فلاحی معاشرے کی بنیاد ہے، جبکہ وسائل کے مطابق آبادی ہی سہولیات کی منصفانہ تقسیم اور عوامی خوشحالی کی ضامن بن سکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سال عالمی یومِ آبادی “نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو آج اور مستقبل میں حقیقت بنانا” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ خوشحال مستقبل کی تعمیر میں نوجوان مرکزی کردار رکھتے ہیں اور ان کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے، جہاں 65 فیصد سے زائد آبادی 30 برس سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔ انہوں نے اس نوجوان آبادی کو قومی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاشی اور سماجی ترقی کا مضبوط محرک ہے، تاہم آبادی میں سالانہ 2.55 فیصد اضافہ روزگار، تعلیم، صحت، رہائش، غذائی تحفظ، بنیادی ڈھانچے اور ماحولیاتی پائیداری کے حوالے سے بڑے چیلنجز بھی پیدا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے انسانی وسائل میں مسلسل سرمایہ کاری اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے تاکہ انسانی فلاح اور استعداد کی ترقی کو قومی ترقی کا محور بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے جامع قومی آبادی حکمت عملی کی تشکیل کے لیے قومی کونسل برائے آبادی قائم کی ہے، جو وفاق اور صوبوں کے درمیان پالیسی ہم آہنگی، ادارہ جاتی روابط، قومی آبادی پروگرام پر مؤثر عمل درآمد اور بروقت فیصلہ سازی کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آبادی سے متعلق امور کو قومی ترقیاتی ایجنڈے میں مؤثر انداز میں شامل کرنا، خواتین کو بااختیار بنانا، انسانی وسائل کی ترقی اور طویل المدتی سماجی و معاشی خوشحالی کونسل کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو باصلاحیت، ذمہ دار اور بااختیار شہری بنانے کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام سمیت مختلف قومی اقدامات پر عمل جاری ہے، جبکہ خواتین، بچیوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کو تعلیم، صحت، معاشی شمولیت اور مساوی مواقع کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، اراکین پارلیمان، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی، جامعات، نجی شعبے، علمائے کرام، ذرائع ابلاغ اور مقامی برادریوں سے اپیل کی کہ وہ آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے، باخبر فیصلوں، ذمہ دارانہ پرورش، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اجتماعی عزم اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے پاکستان اپنی آبادیاتی صلاحیت کو قومی قوت میں تبدیل کرتے ہوئے موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل یقینی بنا سکتا ہے۔
