اسلام آباد:(سب نیوز) وفاقی حکومت نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے 16 رکنی نیشنل پاپولیشن کونسل تشکیل دے دی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کونسل کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف بھی کونسل کے ارکان میں شامل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی نیشنل پاپولیشن کونسل کے رکن ہوں گے۔
کونسل میں وفاقی وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر صحت، وزیر تعلیم، وزیر قانون، وزیر اطلاعات اور وزیر مذہبی امور بھی بطور ارکان شامل ہوں گے۔
نیشنل پاپولیشن کونسل کا بنیادی مقصد ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور مستحکم قومی پالیسی مرتب کرنا ہوگا۔
کونسل آبادی پر قابو پانے سے متعلق قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنے، عوامی حمایت حاصل کرنے اور وفاقی و صوبائی سطح پر اقدامات میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مذہبی علما، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کو بھی آبادی پر قابو پانے کی قومی مہم کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ اس حوالے سے مؤثر اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔
