اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فلسطین و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ایکواڈور کی سابق وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوارماریہ فرنینڈا ایسپینوسا نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے ماریا فرنانڈا ایسپینوسا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام کے استحکام اور عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے فروغ کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل ادارے میں انتہائی ضروری اصلاحات متعارف کرائیں گے اور سلامتی کونسل کی دیرینہ قراردادوں، خصوصا فلسطین اور جموں و کشمیر سے متعلق قراردادوں پر مثر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، کیونکہ مشرق وسطی اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ان مسائل کا حل ناگزیر ہے۔
نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں، بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کے احترام، نیز عالمی امن، خوشحالی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
فلسطین، جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ناگزیر ہے، اسحاق ڈار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
