اسلام آباد (سب نیوز)حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پر عمل درآمد کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد کلائمیٹ سپورٹ لیوی میں 100 فیصد اضافہ کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کلائمیٹ سپورٹ لیوی 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر سے بڑھا کر 5روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے،جبکہ اس اضافے کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں ڈھائی، ڈھائی روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے۔نئی شرح کے تحت ڈیزل پرپیٹرولیم لیوی 79روپے 97 پیسے سے کم ہو کر 77روپے 47پیسے فی لیٹر،جبکہ پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 66 روپے 66 پیسے سے کم ہو کر 64 روپے 16 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حکومت کے مطابق نئی لیوی کا اطلاق یکم جولائی سے ہو چکا ہے،پیٹرولیم لیوی میں کمی کلائمیٹ سپورٹ لیوی کوایڈجسٹ کرنے کیلئے کی گئی، دو مختلف لیوی ٹیکس کی شرح میں ایڈجسٹمنٹ سے قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیاگیا۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کلائمیٹ سپورٹ لیوی میں سو فیصد اضافے پر شدید تحفظات کا اظہارکردیا،سوال بھی اٹھا دیا کہ کلائمیٹ سپورٹ لیوی کے نام پر وصول رقم آخرکہاں خرچ کی جا رہی ہے؟کلائمیٹ سپورٹ لیوی کا مقصد صرف ریونیو اکٹھا کرنا نہیں ماحولیات کا تحفظ ہونا چاہیے۔
آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری، پیٹرول اور ڈیزل پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی میں 100فیصد اضافہ کر دیا گیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
