ریاض(خالد نواز چیمہ)وزیر داخلہ محسن نقوی نے حالیہ دورہ سعودی عرب میں ریاض اور جدہ میں اہم ملاقاتیں کیں جس میں جدہ میں عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام پر اتفاق، سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا گیا ۔ ان معاہدوں سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کھیلوں اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو نئی وسعت مل گئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے دورہ ریاض کے دوران سعودی حکام کے ساتھ اہم معاہدوں اور ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک نے کرکٹ کے فروغ اور باہمی سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں سعودی حکام کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت سعودی عرب کے شہر جدہ میں بین الاقوامی معیار کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں عالمی معیار کی کرکٹ سہولیات، جدید فلڈ لائٹس، براڈکاسٹنگ اور میڈیا سینٹر، تربیتی اکیڈمی، کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے جدید انتظامات اور دیگر بین الاقوامی سہولیات شامل ہوں گی۔معاہدے کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب کو کرکٹ کے فروغ، کوچنگ، تکنیکی معاونت، ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ اور بین الاقوامی معیار کے ایونٹس کے انعقاد میں بھی تعاون فراہم کرے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ اور خطے میں کھیلوں کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔دوسری جا نب محسن نقوی نے سعودی عرب کی اعلی قیادت اور متعلقہ حکام سے الگ ملاقاتیں بھی کیں، جن میں انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، سرحدی و ادارہ جاتی تعاون، معلومات کے تبادلے اور دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی روابط کو مزید موثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
کرکٹ اسٹیڈیم سے متعلق معاہدہ سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت کھیلوں کے شعبے میں سرمایہ کاری اور بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ کی پالیسی کا اہم حصہ ہے، جبکہ پاکستان کے لیے یہ منصوبہ کھیلوں کی سفارت کاری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی اور کشمیری کرکٹ شائقین نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جدہ میں عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر سے مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ میچز، تربیتی کیمپ اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی، جس سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آئیں گے۔یہ بات خوش آئیند ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات روایتی سفارتی اور اقتصادی تعاون سے آگے بڑھ کر اب کھیلوں، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی تعاون کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔
