اسلام آباد: ایف آئی اے اسلام آباد زون نے آذربائیجان کے وزٹ ویزا پر بیرونِ ملک سفر کرنے والے دو مسافروں کو انسانی اسمگلنگ کے شبے میں آف لوڈ کرکے حراست میں لے لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافروں کو امیگریشن کاؤنٹر پر تعینات افسر نے سیکنڈری پروفائلنگ کے لیے ریفر کیا، جہاں دورانِ جانچ معلوم ہوا کہ دونوں ایک ساتھ سفر کر رہے تھے۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ان میں سے ایک مسافر کو غیر قانونی طریقے سے اٹلی بھجوانے کے لیے ایک ایجنٹ سے رابطہ تھا، جس کے عوض 35 لاکھ روپے کی رقم طے کی گئی تھی۔
ایف آئی اے کے مطابق مزید تفتیش میں ایسے شواہد بھی سامنے آئے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں افراد کا سفر غیر قانونی امیگریشن کے ایک منظم منصوبے کا حصہ تھا۔
ابتدائی حقائق اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر دونوں مسافروں کو انسانی اسمگلنگ کے شبے میں آف لوڈ کرکے حراست میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں انہیں مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ممکنہ سہولت کاروں اور ایجنٹوں کے کردار کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
