ہومکامرسپی آئی اے کی نجکاری معاشی اصلاحات کی جانب تاریخی پیش رفت، عاطف اکرام شیخ

پی آئی اے کی نجکاری معاشی اصلاحات کی جانب تاریخی پیش رفت، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد(سب نیوز) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی شفاف نجکاری اور نجی شعبے کو منتقلی کو ملکی معاشی اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام قومی معیشت کی بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کا نجی شعبہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اصلاحاتی اقدامات کی بھرپور ستائش کرتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ پی آئی اے کی کامیاب نجکاری دیگر شعبوں میں بھی اصلاحات کی راہ ہموار کرے گی۔

عاطف اکرام شیخ نے ایئرلائن کے نئے مالکان اور عارف حبیب کنسورشیم کے ذیلی ادارے پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کی انتظامیہ کو اس تاریخی موقع پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک قومی ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا اہم موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ نئی سرمایہ کاری کے ذریعے ایئرلائن میں آپریشنل اصلاحات، فضائی بیڑے کو جدید بنانے، نئے روٹس کے آغاز اور مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے گا۔

صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کی شمولیت سے قومی وسائل پر مالی بوجھ میں کمی آئے گی، ادارے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری ہوگی اور ملکی فضائی شعبہ مزید مسابقتی بن سکے گا۔

عاطف اکرام شیخ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ نئی انتظامیہ پی آئی اے کے درخشاں ورثے کا احترام کرتے ہوئے اسے ایک جدید، مؤثر اور عالمی معیار کی ایئرلائن بنانے میں کامیاب ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔