اسلام آباد(سب نیوز) اکستان میں سویڈن کی سفیر ہز ایکسیلنسی الیگزینڈرا برگ فان لنڈے (ایلیکس) نے معروف صنعت کار، مخیر شخصیت اور ماہرِ تعلیم سید بابر علی کو ان کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں سفیر نے کہا کہ سید بابر علی ایک دور اندیش رہنما، ممتاز فلاحی شخصیت اور تعلیم کے فروغ کے علمبردار ہیں، جن کی زندگی بھر کی خدمات نے کئی نسلوں کو متاثر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سویڈن کے ساتھ سید بابر علی کی دیرینہ دوستی اور اعزازی قونصل کی حیثیت سے سویڈن اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی گراں قدر خدمات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
سویڈن کی سفیر نے سید بابر علی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اچھی صحت، خوشیوں بھری زندگی اور شاندار سالگرہ کی تقریبات کے لیے دعا بھی کی۔
