کاراکاس: وینزویلا میں تباہ کن زلزلے کے چار روز بعد امدادی ٹیموں نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 11 سالہ دو بچوں سمیت مزید چار افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے اور تازہ کامیابی کے بعد ملبے سے زندہ نکالے جانے والے افراد کی مجموعی تعداد 33 ہو گئی ہے۔ امدادی کارکن انتہائی احتیاط سے ملبہ ہٹا کر لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ہولناک زلزلے میں اب تک 1,430 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 3,360 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 69 ہزار افراد تاحال لاپتا بتائے جا رہے ہیں، جس کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
امدادی کارروائیوں میں مقامی فوج، ریسکیو اداروں اور مختلف ممالک سے آنے والے سیکڑوں بین الاقوامی امدادی کارکن حصہ لے رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں بھاری مشینری اور خصوصی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھی تعینات ہیں۔
یورپی یونین نے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے 50 لاکھ ڈالر سے زائد کی ہنگامی مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے مطابق زلزلے سے متاثرہ تقریباً 18 لاکھ افراد کو فوری انسانی امداد، خوراک، پینے کے صاف پانی، طبی سہولیات اور عارضی رہائش کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب پوپ لیو نے وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی و متاثرین کی جلد بحالی کے لیے دعا کی ہے۔
